مظفرگڑھ میں دریائے چناب کی سطح میں کمی،عثمان طاہر جپہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا ہے کہ ضلع کی حدود میں دریائے چناب کے پانی کی سطح میں کمی ہونا شروع ہوگئی ہے ۔
اس وقت ہیڈ پنجند کے مقام سے4لاکھ94ہزار 147 کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع بھر کے 147موضعات زیرِ آب ہیں جن میں مظفرگڑھ تحصیل کے 105، علی پور کے 26اور جتوئی تحصیل کے 16مواضعات شامل ہیں۔ اب تک 2لاکھ 50ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 2لاکھ 9ہزار ایکڑ رقبہ زیر آب آیا ہے ۔ ریسکیو آپریشن میں 221کشتیاں کام کر رہی ہیں جبکہ ریسکیو1122، پولیس اور فوج کے جوان شریک ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ متاثرین کے لیے ریلیف کیمپوں کی تعداد بڑھا کر 29کر دی گئی ہے جہاں 2ہزار 212افراد مقیم ہیں جبکہ 11ہزار 393افراد حفاظتی بندوں پر لگے خیموں میں رہائش پذیر ہیں ،سب کو تین وقت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے علی پور کو آفت زدہ قرار دیا ہے کیونکہ وہاں سب سے زیادہ آبادی متاثر ہوئی ہے ۔