مظفرگڑھ ‘ دریائے چناب کی سطح کم، متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا ہے کہ ضلع مظفرگڑھ کی حدود میں دریائے چناب میں پانی کی سطح کافی حد تک کم ہوگئی ہے اور نشیبی علاقوں سے بھی پانی اترنا شروع ہوگیا ہے۔
جلد ہی پانی مکمل طور پر اترنے کے بعد متاثرین کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے اربن یونٹ، ریونیو، زراعت اور آرمی کے نمائندوں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ضلعی اور تحصیل سطح پر فلڈ ریلیف کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے آسان ترین طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے ۔ اس مقصد کے لیے سروے فارم، موبائل ایپ اور مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم ہوں گے جس کی نگرانی وزیر اعلیٰ خود کریں گی۔