ایچ ای سی :انڈرگریجویٹ طلبہ کیلئے انٹرن شپ لازمی قرار
ملتان (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے انڈرگریجویٹ طلبہ کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انٹرن شپ اور لازمی سرٹیفیکیشن کا نفاذ کر دیا ہے ۔
ایچ ای سی کے مطابق اب ہر بیچلرز ڈگری پروگرام میں نگران شدہ انٹرن شپ شامل ہوگی اور یہ پالیسی ملک کی تمام سرکاری و نجی جامعات پر لاگو ہوگی۔ایچ ای سی نے تمام جامعات کو ہدایت دی ہے کہ وہ کمپنیوں، کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کے ساتھ انٹرن شپ کے معاہدے کریں تاکہ طلبہ کو عملی تجربہ فراہم کیا جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کا حصہ ہے جس کا مقصد طلبہ کو جاب مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور عملی مہارتوں کی کمی کو دور کرنا ہے ۔پالیسی کے تحت اب طلبہ کے لئے کم از کم تین کریڈٹ گھنٹے کی زیر نگرانی انٹرن شپ مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ یونیورسٹیوں کو اپنے نصاب میں صنعت سے متعلقہ سرٹیفیکیشن شامل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ترجیحی شعبوں میں کمپیوٹنگ اور آئی ٹی، ہیلتھ کیئر، تعمیرات، ہائی ٹیک، ڈیجیٹل اکانومی اور مالیاتی ادارے شامل ہیں۔ ایچ ای سی حکام کے مطابق یہ اقدامات نہ صرف طلبہ کو عملی مہارتیں فراہم کریں گے بلکہ انہیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ قابلیت سے بھی آراستہ کریں گے ۔