سیلاب متاثرہ علاقوں کی بجلی فوری بحال کرنے کا حکم
تمام دستیاب مشینری، ٹرالی کرینز، اور اضافی عملہ متاثرہ مقامات پر تعینات
ملتان (خصوصی رپورٹر)سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل امجد نوازبھٹی نے جلالپور پیر والا سب ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کے جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا۔ انہوں نے موقع پر ایس ڈی او اور ایکسین کو ہدایت کی کہ متاثرہ فیڈرز کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بجلی کی فراہمی میں مزید تعطل نہ ہو۔حالیہ سیلابی ریلے کے باعث لودھراں روڈ پر 11کے وی ڈبل سرکٹ اوسپرے کنڈکٹر کے 7اسپین، کوٹلہ اور سمندری فیڈر زپر منہدم ہو گئے تھے ، جس کے نتیجے میں متعدد دیہات بجلی سے محروم ہو گئے ۔ میپکو کی ٹیموں نے فوراً ریسکیو و ریسٹوریشن سرگرمیاں شروع کر دیں اور تمام دستیاب مشینری، ٹرالی کرینز، اور اضافی عملہ متاثرہ مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے ۔