جہانیاں، سبق یاد نہ کرنے پر استاد کا طالبعلم پر ڈنڈوں سے تشدد
چوتھی جماعت کے بچے کے جسم پر نشانات، ورثاء کا حکام سے کارروائی کا مطالبہ
جہانیاں (نمائندہ دنیا)جہانیاں کے سرکاری سکول میں استاد کی جانب سے کمسن طالبعلم پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آگیا۔ چک نمبر 107 دس آر کے رہائشی محمد شیفع محمد عبداللہ کے مطابق جہانیاں شہر کے سرکاری سکول نمبر 3 میں ٹیچر ماسٹر محمد خلیل نے چوتھی جماعت کے طالب علم شاہزیب کو سبق یاد نہ کرنے پر ڈنڈوں سے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔تشدد کے باعث بچے کی کمر، بازو اور ٹانگوں پر نیل پڑ گئے ۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ سکول انتظامیہ کی جانب سے انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اگر کارروائی کی گئی تو بچے کو سکول سے نکال دیا جائے گا۔متاثرہ بچے کے والدین نے ڈپٹی کمشنر خانیوال اور سی ای او ایجوکیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا نوٹس لیا جائے اور تشدد میں ملوث استاد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے ۔