ڈی پی او وہاڑی کا میلسی کے تھانوں ا و رخدمت مرکز کا دورہ
صفائی ، ریکارڈ اور عمارتوں کی بہتری کے احکامات، سمارٹ پولیس سٹیشن ووکی تجویز
میلسی (نامہ نگار) ڈی پی او وہاڑی محمد افضل نے میلسی کا دورہ کیا اور ڈی ایس پی آفس کے علاوہ تھانہ سٹی میلسی، تھانہ صدر میلسی اور پولیس خدمت مرکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانہ جات میں صفائی، عمارتوں کی حالت، حوالات، محرر روم اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اور مزید بہتری کے لیے ضروری احکامات جاری کیے ۔ ڈی پی او نے کہا کہ تھانہ عوام کے لیے پولیس کا پہلا چہرہ ہوتا ہے ، اس لیے اس کا ماحول بہتر اور مثالی ہونا چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ سٹی میلسی کو آئندہ اسکیم میں سمارٹ پولیس اسٹیشن میں اپ گریڈ کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم ہوسکیں۔ بعد ازاں ڈی پی او نے خدمت مرکز میلسی کا بھی اچانک دورہ کیا اور ڈرائیونگ لائسنس سمیت دیگر خدمات کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ انچارج خدمت مرکز چوہدری محمد خالد نے بریفنگ دی جبکہ ڈی ایس پی میلسی اور ایس ایچ اوز بھی موجود تھے ۔