سرکاری سکولوں کے میدان آباد کرنیکا فیصلہ،قریبی رہائشیوں کو مشروط اجازت
نجی شعبے کے حوالے کئے گئے میدانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت دی جائیگی،موسم سرما میں صبح 6تا 10،سہ پہر 4تا 6بجے کھیلنے کی اجازت ہوگی، پیف کا مراسلہ
ملتان( خصوصی رپورٹر)سرکاری سکولوں کے گراؤنڈز آباد کرنے کافیصلہ ،قریبی آبادی کے بچوں کو مشروط اجازت دی جائے گی تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے ایسے تما م سکولوں کے گراؤنڈز آباد کرنے کافیصلہ کیا ہے جن کو نجی شعبے کے حوالے کیاگیا ہے اس سلسلے میں پیف کے جاری مراسلے میں کہاگیاہے کہ سکول ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق تمام لائسنسیز کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ سکولوں کے گراؤنڈز استعمال کرنے کی پالیسی مرتب کرلی گئی ہے قریبی کمیونیٹیز کے سات سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو پی ایس آر پی سکولوں میں کھیلنے کی اجازت ہے موسم گرما کی تعطیلات میں صبح 6بجے سے صبح 10بجے تک اور سہ پہر 4بجے سے 6بج کر 30منٹ تک کھیلنے کی اجازت ہے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد نئے اوقات کار طے کئے جائیں گے دس سے چار بجے کے درمیان کھیلوں کی کوئی سر گرمی نہ ہو گی سکول مینجمنٹ کمیٹی قریبی کمیونیٹیز کے افراد کے لئے صبح کی سیر کی بھی اجازت دے سکتی ہے ۔
جس کے تحت باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی اور چیک اینڈ بیلنس کا نظام وضع کیا جائے گا۔ صرف ان کھیلوں کی اجازت ہے جس سے سکول کی عمارت اور دیگر اثاثہ جات کو کوئی نقصان نہ پہنچے بچے سکول کے اندر مختص کئے گئے کھیل کے میدان اور جاگنگ ٹریک پر جا سکتے ہیں سکول انتظامیہ صرف ان کھیلوں کی سر گرمیوں کی اجازت دے گی جس سے سکول کی املاک اور تنصیبات کو نقصان نہ پہنچے سکول انتظامیہ نظم و ضبط اور متعلقہ شرائط و ضوابط کے نفاذ کو یقینی بنائے گی سکول انتظامیہ کھانے کی اشیاء کی اجازت نہیں دے گی ۔دوسری جانب سکولوں کے قرب و جوار میں رہنے والے مقامی کھلاڑیوں نے فیصلے پر مسرت کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ اقدام سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔