کوٹ ادو، 2ملزم 3کلو چرس ،ناجائز اسلحہ سمیت دھرلئے گئے
تھانہ سٹی کی حدود سے نوید، تھانہ صدر کے علاقہ سے مشکوک شخص گرفتار اشتہاری مجرم کو فرار کروانے پر ملزم اللہ ڈتہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا
کوٹ ادو (نامہ نگار )کوٹ ادو میں پولیس کی کارروائیاں، 3 کلو چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد کرکے 3ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیل کے مطابق کوٹ ادو میں تھانہ سٹی پولیس نے دورانِ گشت پیر پُھٹان ہوٹل کے قریب ایک مشکوک شخص کو روکا اور جامہ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 3 کلو چرس برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد نوید سکنہ وارڈ نمبر 7 کے نام سے ہوئی ہے ۔ ملزم کے خلاف منشیات سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ادھر تھانہ صدر کوٹ ادو کی پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران ایک شخص سے ناجائز اسلحہ برآمد کیا جبکہ دوسری کارروائی میں مجرم اشتہاری ساتھی کی مدد سے پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا۔ دونوں واقعات کی ایف آئی آرز درج کر لی گئیں ۔
پہلے واقعہ میں مخبرکی اطلاع پر پولیس نے موضع فقیر والی کے قریب مشکوک شخص کو قابو کر لیا،ملزم نے اپنا نام ارشد ولد غلام اکبر قوم چاندیہ سکنہ فقیر والی بتایا۔جامہ تلاشی کے دوران کپڑے میں سے سیون ایم ایم رائفل دیسی ساختہ لوڈ میگزین سمیت برآمد ہوئی، ملزم کوئی لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہ کر سکا، جس پر ناجائز اسلحہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اسی روز ایک اور کارروائی کے دوران مخبر نے اطلاع دی کہ مجرم اشتہاری محمد کاشف عرف کاشی گاڑی میں موجود ہے پولیس نے فوری ریڈ کیا لیکن موقع پر موجود اللہ ڈتہ نے پولیس کو دیکھ کر شور مچا دیا اور مجرم اشتہاری کاشی کیساتھ ملکر فرار ہوگیا۔ اللہ ڈتہ کے مجرم کو فرار کروانے میں مدد پر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔