ایونیو منصوبہ:9کلو میٹر کا سیکشن جلد مکمل فعال کرنے کا حکم
سیکشن شہری سہولتوں کیساتھ ایک ماہ میں مکمل ،تعمیراتی کام تیز ،معیارکو یقینی بنایا جائے ، کمشنر عامر کریم کا سائیٹ کا دورہ، جاری کام کا جائزہ، متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری بس سٹینڈ پر ’’خیر کا سفر‘‘فلاحی مہم کے تحت مستحق افراد کو سردی سے بچانے کیلئے مفت گرم کپڑے فراہم کرنے کے منصوبے کا افتتاح،گرم جیکٹس، شالیں اور جرسیاں تقسیم
ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو منصوبے کے تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا اور جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو حکم دیا کہ آئندہ30 دن میں 9 کلو میٹر ایونیو کا ایک مکمل سیکشن تمام ضروری شہری سہولتوں کے ساتھ تیار کر کے فعال کیا جائے ، منصوبے پر کام کی رفتار میں تیز، تعمیراتی معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا سڑک کنارے رہائش پذیر اور کاروباری افراد کی سہولت کو ترجیح دیں، تعمیر کے دوران ٹریفک کا بہاؤ ہر صورت ہموار رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سیکشن شہری ٹریفک کو واضح ریلیف فراہم کرے گا اور منصوبے کی مجموعی رفتار میں بھی بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے انتظامیہ اور ایم ڈی اے کو انسدادِ تجاوزات کیلئے فوری آپریشن شروع کرے ، شہری مفاد کے اس بڑے منصوبے کی تکمیل میں کوئی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
دریں اثنا ئکمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے شہرِ اولیاء میں سردی سے ٹھٹھرتی انسانیت کیلئے ’’خیر کا سفر‘‘ کے عنوان سے فلاحی مہم کے تحت مخیر حضرات اور افسروں کے ہمراہ جنرل بس سٹینڈ پر نادار، دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کیلئے بلا معاوضہ گرم کپڑے فراہم کرنے کے منفرد منصوبے کا افتتاح کیا ، نادار خواتین و مردوں میں گرم جیکٹس، شالیں اور جرسیاں تقسیم کیں۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت مستحق افراد کو بلا تفریق روزانہ گرم کپڑے بلا معاوضہ فراہم کیے جائیں گے ، فلاحی بازار کا مقصد غریب اور مزدور طبقے کو شدید سرد موسم میں فوری ریلیف فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ کی محدود آمدن کو دیگر ضروریات پر خرچ کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ضرورت مندوں کی مدد کیلئے مخیر حضرات کا کردار قابلِ ستائش ہے اور معاشرے کے صاحبِ استطاعت افراد کو بھی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔شہریوں نے بھی اس منصوبے کو قابلِ تقلید اور انتہائی فائدہ مند اقدام قرار دیا۔