فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،گٹکا ،غیر معیاری خوراک تلف

فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،گٹکا ،غیر معیاری خوراک تلف

واٹر پلانٹ کو اصلاح تک پروڈکشن بند کرنے کا حکم، بھاری جرمانے عائد

ملتان (لیڈی رپورٹر)شہر اولیاء میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ریسٹورنٹس، سویٹس یونٹس، ملک شاپس، پاپڑ فیکٹریز اور دیگر فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی، جہاں حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ، 40 کلو غیر معیاری خوراک اور 300 ساشے گٹکا تلف کئے گئے ، جبکہ ایک واٹر پلانٹ کو اصلاح تک پروڈکشن بند کرنے کا حکم دیا گیا۔گلشن فیض کالونی میں واٹر پلانٹ سیمپل فیل ہونے پر کام سے روک دیا گیا۔ کھانے میں کھلے رنگوں کا استعمال، آئل کی تبدیلی کا ریکارڈ نہ ہونا، کچن کی گندگی اور فریزر میں باسی سبزیوں کی سٹوریج پر 8 ریسٹورنٹس کو 1 لاکھ 70 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے۔

کارروائیاں خونی برج، ایم ڈی اے چوک، گلشن مارکیٹ، باغِ حسین چوک اور چونگی نمبر 9 میں کی گئیں۔کوٹ ربنواز اور سورج کند روڈ پر دو پاپڑ فیکٹریز کو لائسنس کے بغیر کام کرنے ، تیار خوراک زمین پر رکھنے اور پانی کی تجزیہ رپورٹ نہ ہونے پر 90 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اڈہ صادق آباد بوسن روڈ میں ملک شاپ میں گندگی اور ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد ہوا۔ عزیز ہوٹل چوک میں پابندی کے باوجود گٹکا فروخت کرنے پر دو کولڈ کارنرز کو 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں