میلسی :فوڈ اتھارٹی کا آپریشن ،ہزاروں ساشے گٹکا تلف
خانیوال روڈ میلسی پر ڈرنک کارنر پر چھاپہ مارا، مالک کو 50 ہزار روپے جرمانہ
وہاڑی، میلسی (خبرنگار، نامہ نگار ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گٹکا فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے خانیوال روڈ میلسی پر ڈرنک کارنر پر چھاپہ مارا، جہاں پابندی کے باوجود گٹکے کی خریدوفروخت کی جارہی تھی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے موقع پر موجود ایک ہزار سے زائد ساشے گٹکا تلف کر دیے اور دکان کے مالک کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق گٹکا انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے ، اس کی تیاری اور فروخت دونوں پر سخت پابندی نافذ ہے ۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ممنوعہ اشیاء کے خلاف صوبہ بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، گٹکا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔