بی زیڈ یو میں بڑھتی چوریاں، گارڈز کے ملوث ہونے کا انکشاف
کھوجی کتوں سے مدد لینے کا فیصلہ ، متعدد سکیورٹی گارڈز سے پوچھ گچھ جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی میں چوریوں میں سکیورٹی گارڈز کے ملوث ہونے کا انکشاف، کھوجی کتوں سے مدد لینے کافیصلہ، چوریوں کے بڑھتے واقعات نے انتظامیہ اور طلبہ کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ، مختلف شعبہ جات، لیبارٹریوں اور ہاسٹلز سے قیمتی سامان کی چوری کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے ، مشکوک گارڈز سے پوچھ گچھ جاری ہے ، کھوجی کتوں کی مددسے اصل ذمہ دار عناصر تک پہنچ کر مزید واقعات کی روک تھام کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق بائیو کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ میں چوری کے دوران سکیورٹی گارڈ عرفان شعبان کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ اس حوالے سے آر او ڈاکٹر مقرب اکبر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چوریوں کی تفتیش پولیس کے سپرد کر دی گئی ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موقع سے ملنے والے شواہد گارڈز کی شمولیت کی واضح نشاندہی کر رہے ہیں، تفتیش مکمل ہوتے ہی قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔دوسری جانب طلبہ نے چوریوں میں اضافے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی اور مستقبل میں سخت حفاظتی اقدامات نافذ کیے جائیں گے ۔