جنگلات کی زمینیں وا گزار کرانے کیلئے مشترکہ کارروائیوں کا فیصلہ

جنگلات کی زمینیں وا گزار کرانے کیلئے مشترکہ کارروائیوں کا فیصلہ

غیر قانونی قبضے ناقابل برداشت ، متعلقہ محکمے بلا تاخیر آپریشن کیلئے منصوبہ بندی کریں، شفافیت، تیاری اور ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنایا جائے ،کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چودھری

ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر)جنگلات کی زمینیں واگزار کرانے کیلئے مشترکہ کارروائیوں کا فیصلہ۔تفصیل کے مطابق کمشنر اشفاق احمد چودھری کی زیرِ صدارت جنگلات کی زمینوں پر قبضے واگزار کرانے اور متعلقہ انتظامی امور کا جائزہ لینے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں جنگلات کی اراضی پر ہونے والی غیر قانونی کاشت کاری اور تعمیرات کے سدباب کیلئے جامع حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔کنزرویٹو فاریسٹ طارق نسیم نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ جنگلات کی زیرِ استعمال اور زیرِ قبضہ اراضی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ متعدد مقامات پر جنگلات کی زمینوں پر غیر قانونی کاشت کاری اور تعمیرات کی نشاندہی ہوئی ہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنگلات کی تمام زیر قبضہ اراضی کو فوری طور پر واگزار کرانے کے لیے مشترکہ کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چودھری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ پہلے زیر قبضہ زمینوں کی نشاندہی کریں اور ان جگہوں پر بلا تاخیر آپریشن کی منصوبہ بندی کریں جبکہ ریونیو ریکارڈ اور سروے کی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے قانونی کارروائی کو مؤثر بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ ماحولیات کے لیے ناگزیر ہے اور سرکاری اراضی پر کسی قسم کے غیر قانونی قبضے برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔ انہوں نے تمام اضلاع کے افسروں کو ہدایت کی کہ کارروائیوں میں شفافیت، تیاری اور ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنایا جائے ، واگز ار کرائی گئی اراضی پر شجر کاری کی جائے ۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محکمہ جنگلات کی اراضی کو قانون کے مطابق محفوظ کیا جائے گا اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد، ڈی پی او محمد علی وسیم، کنزرویٹر فاریسٹ طارق نسیم، ریونیو محکمے کے افسران اور محکمہ جنگلات کے دیگر حکام نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں