تونسہ بیراج سے جنوبی پنجاب کا پانی بند، کاشتکار پریشان
نہروں کی بندش سے فصل متاثر ہونے کا خدشہ ، پانی کی فراہمی کا مطالبہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) دریائے سندھ کے تونسہ بیراج سے جنوبی پنجاب کے لیے پانی کاشیئر گزشتہ روز بند کر دیا گیا اور بیراج سے نکلنے والی تمام مرکزی لنک نہریں بھی بند ہو گئی ہیں۔ اس اقدام سے مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازیخان کے کاشتکار شدید مشکلات کا شکار ہیں، جو آب پاشی کے لیے نہروں پر انحصار کرتے ہیں۔تونسہ بیراج سے صرف بلوچستان کے ڈیرہ بگٹی کے لیے کچھی کینال میں 500 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے ، جبکہ تونسہ پنجند لنک کینال اور مظفرگڑھ و ڈی جی خان کینال بند ہیں۔ کاشتکاروں نے بتایا کہ گندم کی بوائی اور پہلا پانی لگانے کا سیزن عروج پر ہے اور نہروں کی بندش سے فصل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔کاشتکاروں کے نمائندے رحمت اللہ، سجاد احمد لسکانی، عبدالحفیظ خان، سردار ناصر خان ، محفوظ خان اور خادم حسین کھر نے پنجاب ریگولیٹری اتھارٹی اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز سے فوری طور پر پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سرائیکی وسیب کے زرعی علاقوں میں فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے ۔