سروسز ڈیلیوری میں بہتری لائی جائے گی: ڈی پی او
پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف فرنٹ لائن فورس کے طور پر کام کر رہی ہےعوام کو تسلی بخش امن و امان اور معاشرتی سدھار نظر آئے گا:تصور اقبال
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال نے کہا ہے کہ میڈیا اور پولیس کا گہرا تعلق ہے ۔ صحافی معاشرتی نقائص اور جرائم کی نشاندہی کرتے ہیں، جبکہ پولیس منشیات فروشی، جرائم اور لاقانونیت کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ 15 ریسکیو رسپانس ٹائم اور دیگر سروسز کی ڈیلیوری میں بہتری لائی جائے گی، اور پولیس اہلکار قوانین پر عمل کی مثال بنیں گے جس سے عوام خود بخود قوانین کی پاسداری کریں گے ۔ میڈیا نمائندگان کی پہلی میٹنگ میں انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایف آئی آرز کی فری رجسٹریشن، قبضہ اور کریمنل مافیاز کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔ڈی پی او نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سول سوسائٹی کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان روایتی فاصلے ختم ہوں۔ پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف فرنٹ لائن فورس کے طور پر کام کر رہی ہے اور لازوال قربانیوں کے باوجود حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے صحافیوں کو ہدایت کی کہ پولیس سے متعلق خبر نشر کرنے سے پہلے موقف ضرور لیا جائے تاکہ میڈیا کی کریڈیبلٹی متاثر نہ ہو۔ اس موقع پر کھلی کچہری میں مقدمات کی تفتیش، ملزمان کی گرفتاری اور دیگر مختلف نوعیت کی 28 درخواستیں موصول ہوئیں جن کے فوری حل کے احکامات جاری کیے گئے ۔