وزیراعلیٰ بہار کا مسلم خاتون کا نقاب اتارنا قابل مذمت،مقررین

وزیراعلیٰ بہار کا مسلم خاتون کا نقاب اتارنا قابل مذمت،مقررین

حجاب اتارنا عزت، مذہبی شناخت پر براہ راست حملہ،عمر فاروق بھٹی

ملتان (وقائع نگار خصوصی)بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون کا زبردستی نقاب کھینچنے کے واقعے کے خلاف ملتان میں شدید احتجاج کیا گیا۔ اس سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک مذمتی ریلی نکالی گئی جو ضلع کونسل سے شروع ہو کر چوک کچہری پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کی قیادت وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم کے کوآرڈی نیٹر عمر فاروق بھٹی نے کی۔ مظاہرے میں ضلعی امن کمیٹی کے ارکان مرزا ارشد قادری، محمد رفیق، سلیم بلالی، علامہ فاروق خان سعیدی، شاہد چاون سمیت مختلف مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد بھی احتجاج میں شریک تھی۔

شرکاء نے مسلم خاتون کے ساتھ بدسلوکی اور نقاب کھینچنے کے واقعے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بھارتی حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر عمر فاروق بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کا حجاب یا نقاب زبردستی اتارنا اس کے وقار، عزت اور مذہبی شناخت پر براہ راست حملہ ہے ، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔مرزا ارشد قادری نے کہا کہ خود کو سیکولر ریاست کہلوانے والا بھارت ایسے واقعات کے ذریعے اپنی اصل ذہنیت ظاہر کر رہا ہے ۔ علامہ فاروق خان سعیدی اور سلیم بلالی نے کہا کہ مسلم خواتین کی توہین پوری امت کے لئے ناقابل قبول ہے ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نتیش کمار مستعفی ہوں اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں واقعے کا فوری نوٹس لیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں