ماڈل کورٹس نے نومبر میں9 ہزار 512مقدمات نمٹائے
جامع اصلاحات،کیس مینجمنٹ سسٹم ،مانیٹرنگ سے عدالتی کارروائی کی رفتار بڑھی
ملتان (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایات کے تحت پنجاب بھر میں قائم ماڈل کورٹس نے نومبر کے مہینے میں 9 ہزار 512 مقدمات کے جلد اور معیاری فیصلے کئے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کی جامع عدالتی اصلاحات، جدید کیس مینجمنٹ سسٹم اور مؤثر مانیٹرنگ کے نتیجے میں صوبے کی ماڈل کورٹس میں عدالتی کارروائی کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔اعدادوشمار کے مطابق فوجداری ماڈل کورٹس نے 781 مقدمات نمٹائے ، جن میں 103 قتل، 298 منشیات اور 380 دیگر مقدمات شامل ہیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ججز کی ایپلیٹ ماڈل کورٹس نے 247 سول و فیملی اپیلوں اور دیگر مقدمات کے فیصلے دیئے ۔ ماڈل سول اور مجسٹریٹ کورٹس نے مجموعی طور پر 8 ہزار 484 مقدمات نمٹائے ، جن میں سول، فیملی، گارڈین، رینٹ اور معمولی نوعیت کے جرائم شامل ہیں۔قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ضلعی عدالتوں میں ٹائم لائنز پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے ، جس کے تحت غیر ضروری التواء سے اجتناب کرتے ہوئے فوری اور میرٹ کے مطابق فیصلے جاری کئے جا رہے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کی عدالتی اصلاحات اور فعال نگرانی کی بدولت زیر التواء مقدمات میں کمی کے ساتھ وکلاء اور سائلین کا نظامِ عدل پر اعتماد بھی مستحکم ہوا ہے ۔