سرکاری سکول گارڈز کے کنٹریکٹ ختم کرنے کی تیاری
ڈی پی آئی ایلیمنٹری نے صوبہ بھر کے سکول گارڈز کی تفصیلات طلب کر لیں
ملتان (خصوصی رپورٹر)سرکاری سکولوں میں تعینات سکیورٹی گارڈز کے کنٹریکٹ ختم کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی) ایلیمنٹری پنجاب نے صوبہ بھر میں تعینات سکول گارڈز کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔جاری مراسلے کے مطابق سال 2015-16 میں بھرتی کئے گئے تمام سکول گارڈز کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو افسروں (سی ای اوز) کو 24 گھنٹوں کے اندر مطلوبہ معلومات ارسال کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ڈی پی آئی ایلیمنٹری نے واضح کیا ہے کہ سکول گارڈز کا ڈیٹا فوری طور پر واٹس ایپ گروپس کے ذریعے بھیجا جائے ، جبکہ ڈویژنل ڈائریکٹرز کو بھی اضلاع سے ڈیٹا اکٹھا کر کے بروقت ارسال کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔