زکریا یونیورسٹی میں چور گرفتار، سکیورٹی مزید سخت
موبائل گشت ٹیم نے مشکوک لڑکے کو پکڑ کر چوری شدہ سامان برآمد کرلیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی میں یکے بعد دیگرے چوریوں کے بعد سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔ گزشتہ روز ایک اور چور گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے چوری شدہ سامان برآمد ہوا۔حکام کے مطابق موبائل گشت والوں نے ایک مشکوک لڑکے کو دیکھا تو فوری طور پر سکیورٹی کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی۔ ریزیڈنٹ آفیسر نے فوری ایک ٹیم تشکیل دی جس نے لڑکے کا تعاقب کیا اور اسے پکڑ لیا۔
تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے بائیو پارک سے چوری شدہ ایک موٹر پمپ، لوہے کی آری، چند کٹر اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ یونیورسٹی میں چوری کی نیت سے آیا تھا۔ اس کے خلاف ایف آر درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ مزید تفتیش اور ریکوری کے لئے پولیس کی ٹیم تشکیل دی گئی تاکہ دیگر چوری شدہ سامان بھی برآمد کیا جا سکے ۔ یونیورسٹی حکام نے طلبہ و عملے کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنی اور اپنے سامان کی حفاظت کے لئے محتاط رہیں۔