میپکو ریجن میں نادہندگان، بجلی چوروں کیخلاف ایکشن
84لاکھ سے زائد واجبات پر ٹرانسفارمرز، میٹرز اتار لئے گئے ، ایک گرفتار
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)ریجن میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ۔ رحیم آباد سب ڈویژن صادق آباد اور کچاکھوہ سب ڈویژن خانیوال میں کارروائیوں کے دوران 84لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 10 ٹرانسفارمرز اور متعدد بجلی میٹرز اتار لئے گئے جبکہ ایک بجلی چور کو گرفتار کر لیا گیا۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو رحیم یار خان سرکل عبدالحفیظ بھٹی اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں رحیم آباد سب ڈویژن صادق آباد کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا گیا۔
ایکسین صادق آباد ڈویژن محسن نذیر کھوسہ اور ایس ڈی او رحیم آباد کی سربراہی میں ٹیم نے مزاری کالونی، بستی شیر بہادر اعوان، بستی واحد بخش کندری، چک 30/این پی، بستی عبدالغنی کمبوہ اور بستی قائم دین میں کارروائی کی۔62لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 6نادہندہ بستیوں اور ٹیوب ویل کنکشنز منقطع کر کے ٹرانسفارمرز اور میٹرز اتار لئے گئے جبکہ موقع پر ایک صارف سے ایک لاکھ 26ہزار روپے کی وصولی بھی کی گئی۔دوسری جانب سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو خانیوال سرکل مشتاق احمد ٹھنگل کی نگرانی میں کچاکھوہ سب ڈویژن میں کارروائی کی گئی۔ 24لاکھ 50 ہزار روپے واجبات پر 4 نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اور 20 سنگل و تھری فیز میٹرز اتارے گئے ۔ کارروائی کے دوران 5 صارفین بجلی چوری کرتے پکڑے گئے ، جن میں سے ایک کو گرفتار کر کے مقدمات درج کرنے کے لئے درخواستیں ارسال کر دی گئیں۔