مصنوعی مہنگائی کے خلاف کریک ڈائون کا حکم

مصنوعی مہنگائی کے خلاف کریک ڈائون کا حکم

سبزی منڈی میں بولی کے عمل کی نگرانی ، ذخیرہ اندوزی کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم، ناپ تول میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،نرخنامے آویزاں کئے جائیںموثر مہم، فیلڈ سپرویژن سے اہداف کے حصول میں کامیابی ملی، فالو اپ مہم میں رہ جانے والے بچوں کی ہر صورت ویکسی نیشن کی جائے ،ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق

ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے سبزی منڈی کا دورہ کیا اور اشیائخوردونوش کی قیمتوں، دستیابی اور کوالٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف سبزی و پھل فروشوں سے سرکاری نرخنامے کے مطابق قیمتوں پر فروخت کے بارے میں دریافت کیا اور خریداروں سے بھی براہ راست بات چیت کی۔ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی میں بولی کے عمل، ذخیرہ اندوزی کے امکانات اور سپلائی چین کا معائنہ کیا جبکہ متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ مصنوعی مہنگائی اور من مانی قیمتیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر بھی ہمراہ تھیں جنہوں نے سبزی منڈی میں جاری کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ گرانفروشی، ناپ تول میں کمی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں ضلع ملتان میں قومی پولیو مہم کے آخری روز 9 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کر لیا گیا قومی پولیو مہم کے آخری روز ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی فیلڈ میں کارکردگی اور انسدادِ پولیو اقدامات کا جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے پولیو ٹیموں کی اچانک انسپکشن کی اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ۔ ڈپٹی کمشنر ملتان کا کہنا تھا پولیو کے سلسلے میں فالو اپ مہم چلاکر ہر صورت ہدف مکمل کیاجائے گا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کے منصوبے کا دورہ کیا جہاں انہیں منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی مراحل اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں