ملتان ایونیو پر کام تیز،گرین کوریڈور رواں ماہ مکمل کرنیکا ہدف
منصوبے کے اطراف تجاوزات ختم کرنے کیلئے پیرا فورس متحرک
ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو پر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے کی رفتار، معیار اور مجموعی پیش رفت کا عملی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ محکموں کو جاری کاموں میں تیزی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے ماڈل ٹاؤن گیٹ سے میپکو آفس تک گرین کوریڈور کو دسمبر کے اختتام تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے اس حصے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے ۔ انہوں نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو میڈینز میں شجرکاری فوری مکمل کرنے ، جبکہ میپکو کو بجلی کے کھمبوں کی بروقت منتقلی یقینی بنانے کا حکم دیا۔کمشنر ملتان نے ہائی وے حکام کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیش آنی چاہئیں۔ عامر کریم خاں نے ملتان میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ شہر بھر کی سڑکوں کا جامع اور مکمل سروے کیا جائے ۔