جامعات کے 2669 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم
طلبہ سہولت کو جدید تحقیق ،علمی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے استعمال کریں، وی سی
ملتان (خصوصی رپورٹر) زکریا یونیورسٹی، ملتان میں وزیر اعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 1700 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں یونیورسٹی کے مین کیمپس کے علاوہ لودھراں اور وہاڑی کیمپس کے طلبہ بھی شامل تھے ۔ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال نے کیا۔ لیپ ٹاپ کی شفاف اور منظم تقسیم کے لئے 15 کاؤنٹرز قائم کئے گئے تھے جہاں ویری فکیشن کے بعد طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر لیپ ٹاپ سکیم کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر طاہر محمود اور ڈائریکٹر آئی ٹی مظفر حمید بھی موجود تھے ، جنہوں نے تقسیم کے عمل کی نگرانی کی۔ ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے 561ہونہار طلبہ و طالبات میں سکالرشپ ایوارڈز اور مالی معاونت کے چیک تقسیم کئے گئے ، جبکہ 469 طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کئے گئے ۔ مجموعی طور پر 1030 ایمرسن یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اس سکیم سے مستفید ہوئے ۔ زرعی یونیورسٹی میں 500 سے زائد طلباوطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔