گگومنڈی،شرپسند وں نے مٹی ڈال کر سیوریج لائن بند کردی
بستی محمد پورہ کے ہزاروں گھروں اور گٹروں سے گنداپانی ابلنا شروع ہو گیا
گگو منڈی(نامہ نگار)شر پسند عناصر کی طرف سے گٹروں میں مٹی ڈال کر سیوریج لائن بند کر دی گئے ۔ بستی محمد پورہ کے ہزاروں گھروں اور گٹروں سے گندپانی ابلنا شروع ہو گیا، مکانات منہدم ہونے کا خطرہ ،چیف آفیسر ضلع کونسل وہاڑی سب انجینئر کو اطلاع کے باوجود تا حال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق تقریباً دو ہفتے قبل چند شر پسند عناصر نے بستی محمد پورہ کے ڈسپوزل ٹیوب ویل کی طرف سے جانے والی پائپ لائن کے گٹروں میں مٹی ڈال کر بند کر دی جس کے نتیجہ میں ہزاروں گھروں کے سیوریج کا پانی بند ہو گیا اور گٹر ابلنا شروع ہو گئے اور گندہ پانی گھروں اور گلیوں میں جمع ہونے لگا۔
اہالیان بستی نے جب شر پسند عناصر کو منع کیا تو انہوں نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور گالم گلوچ کرنے لگے جس پر متاثرین نے چیف آفیسر ضلع کونسل وہاڑی اور سب انجینئر بلال کو اطلاع دی لیکن انہوں نے صورت حال کی اصلاح کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ،ڈی سی وہاڑی اوراے سی بورے والا سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر پانی کی نکاسی کا انتظام کیا جائے اور زبر دستی گٹر لائن بند کرنیوالے ملزمون کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔