پاکستان ترقی، استحکام و خوشحالی کی راہ پرگامزن،احمدیار ہنجراء

پاکستان ترقی، استحکام و خوشحالی کی راہ پرگامزن،احمدیار ہنجراء

وفاق اور پنجاب میں ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنے لگے

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک احمدیار ہنجراء نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ملک پاکستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر مضبوطی سے گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتے ہوئے متعدد ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا آغاز کیا ہے جن کے مثبت نتائج عام آدمی تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمدیار ہنجراء نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے معاشی استحکام، توانائی بحران کے خاتمے ، برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور روزگار کی فراہمی کے لیے اہم منصوبے متعارف کروائے گئے ہیں۔

ان منصوبوں کے باعث ملکی معیشت میں بہتری اور اعتماد کی فضا بحال ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے بھر میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، شہری سہولیات، بیوٹیفکیشن اور سوشل ویلفیئر کے شعبوں میں تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، تعلیمی اداروں کی بہتری، صاف پانی اور صفائی کے منصوبے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنا رہے ہیں۔ملک احمدیار ہنجراء نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے ہمیشہ عملی سیاست پر یقین رکھا ہے اور آج بھی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں