وہاڑی میں چوری کی وارداتیں نہ رک سکیں، مزید پانچ واقعات
مسجد، گھروں اور بسوں سے موٹر سائیکل، موبائل اور دیگر سامان چوری
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی)وہاڑی میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا اور مختلف تھانوں کی حدود میں مزید پانچ چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں س پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی کارکردگی محض فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئی ہے جبکہ چور بے خوف وارداتیں کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سرکل کے تھانہ ساہوکا کی حدود نئی آبادی بھٹیاں میں مسجد کے امام محمد شاہد بھٹی کی سی ڈی 70 موٹر سائیکل مسجد کے باہر سے چوری کر لی گئی۔ تھانہ سٹی کی حدود میں محمد اکرم کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی۔
تھانہ صدر کی حدود میں احتشام کے بھٹے سے ٹریکٹر کا سلف جنریٹر اور بیٹری چوری کر لی گئی۔اسی طرح ندا دختر ممتاز کے پارلر سے تالے توڑ کر نقدی دس ہزار روپے اور موبائل فون چوری کر لیا گیا، جبکہ تھانہ گگو کی حدود میں جاوید کی بیٹی کا موبائل فون بس میں سفر کے دوران چوری ہو گیا۔متاثرہ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ تمام وارداتوں کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔