بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل کی فروخت پر کارروائی کا اعلان
شوروم مالکان نمبر پلیٹ لگوا کر موٹر سائیکل خریدارکے حوالے کریں، پولیس حکام
بورے والا(سٹی رپورٹر )موٹر سائیکل شوروم مالکان کے ساتھ پولیس افسروں کی میٹنگ،بغیر نمبر پلیٹ فروخت پر کارروائی کا اعلان ۔تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال کے احکامات کی روشنی میں ایس ڈی پی او بوریوالا رانا عمران ٹیپو کی زیر صدارت موٹر سائیکل شوروم مالکان کے ساتھ اہم میٹنگ منعقد ہوئی میٹنگ میں ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاؤن راؤ مہتاب عالم اور ایس ایچ او تھانہ سٹی رانا ثاقب نذیر و دیگر بھی شریک تھے میٹنگ کے دوران ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز نے شوروم مالکان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ فروخت کی جانے والی ہر موٹر سائیکل کے ساتھ فوری طور پر نمبرنگ فیس کی ادائیگی یقینی بنائیں اور نمبر پلیٹ لگوا کر ہی موٹر سائیکل خریدار کے حوالے کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی شوروم مالک بغیر نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکل فروخت کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں کی فروخت جرائم میں اضافے کا باعث بنتی ہے جس کی روک تھام کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہے ۔میٹنگ میں شریک تمام موٹر سائیکل شوروم مالکان نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کا عہد کرتے ہوئے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔