بین الصوبائی سمگلنگ روکنے کیلئے اقدامات کا آغاز
گندم،ایرانی پٹرولیم مصنوعات ودیگر ممنوعہ اشیا کی سمگلنگ روکنے کیلئے چیکنگ سخت کی جائیگی،ٹرانسپورٹرز کو بین الصوبائی سرحدوں پر سکیورٹی سمیت ہر سہولت دینے کا اعلانڈپٹی کمشنرڈی جی خان کا چیک پوسٹ بواٹا، راکھی گاج کا دورہ، بارڈر ملٹری پولیس افسروں ‘ جوانوں کو فرائض مستعدی سے سرانجام دینے کی ہدایت‘پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ
ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان محمد عثمان خالد نے بین الصوبائی چیک پوسٹ بواٹا اور راکھی گاج کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان امیر تیمور، بارڈر ملٹری پولیس اور دیگر متعلقہ افسر ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے دونوں چیک پوسٹوں پر سکیورٹی انتظامات، گاڑیوں کی چیکنگ کا طریقہ کار اور پوسٹوں کے ملازمین کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیک پوسٹس پر موجود ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور بی ایم پی کے افسر و جوانوں سے ملاقاتیں کی گئیں۔بین الصوبائی شاہراہ پر ٹرانسپورٹرز اور مسافروں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے قبائلی فورس کی کارکردگی،سکیورٹی،ٹریفک کی روانی اور دیگر امور سے متعلق معلومات لیں۔بواٹا چیک پوسٹ پر ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹرانزٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بچوں کی ویکسی نیشن اور پولیو ریکارڈ کو باریک بینی سے چیک کیا اور ٹیم کو مزید مؤثر انداز میں فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے گندم، ایرانی پٹرولیم مصنوعات اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ روکنے کیلئے اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر گاڑی کی کڑی چیکنگ یقینی بنائی جائے تاکہ ممنوعہ اشیاء کی غیر قانونی ترسیل کو مکمل طور پر روکا جا سکے ۔انہوں نے بارڈر ملٹری پولیس کے افسروں و جوانوں کو دیانتداری اور مستعدی سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی شاہراہ پر ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے لئے سہولیات پیدا کی جائیں اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے چیک پوسٹس پر موجود شہریوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز سے بھی بات چیت کی اور سکیورٹی و سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، سمگلنگ کے خاتمے اور بین الصوبائی شاہراہ پر بہتر انتظامات کے لئے تمام اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔