بزم غوثیہ مدرسہ عربیہ میں سالانہ جلسہ دستار فضیلت
حفظ قرآن و درسی مقابلہ جات میں طلبہ کی شاندار کارکردگی، علماء و مشائخ کی شرکت
ملتان (کرائم رپورٹر)بزم غوثیہ مدرسہ عربیہ فیضان رسول کے زیر اہتمام سالانہ جلسہ دستار فضیلت اور عظمت قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مذہبی رہنماؤں اور معروف علماء نے خطاب کیا۔ جلسہ میں جماعت اہل سنت کے عالم دین علامہ خان محمد قادری اور معروف سکالر ڈاکٹر ارشد شاہ نقیبی نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ نے نبی کریم ؐ سے عشق و محبت کی مثال قائم کی، معراج کا سفر نبی کریم ؐ کا عظیم معجزہ ہے جبکہ قرآن کریم قیامت تک باقی رہنے والا معجزہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ فیضان رسول میں حقیقی معنوں میں رسولؐ کا فیضان منتقل ہو رہا ہے اور طلبہ باادب و باصلاحیت ہیں۔جلسہ کی صدارت مفتی محمد عثمان پسروری نے کی۔
جبکہ مہتمم مدرسہ مفتی محمد کاشف فریدی نے بتایا کہ سالانہ مقابلہ جات میں حفظ قرآن کے ساتھ ساتھ درسیات جیسے نحو میر، شرح جامی، اصول فقہ اور اصول میراث میں طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔ اس سال تنظیم المدارس اہل سنت کے امتحانات میں مدرسہ کے 8 طلبہ نے ملکی اور صوبائی سطح پر شاندار پوزیشنز حاصل کیں۔
، جنہیں علامہ خان محمد قادری، ڈاکٹر ارشد شاہ نقیبی، علامہ حافظ عبدالعزیز سعیدی، ڈاکٹر غلام عباس، پروفیسر قاری محمد اسلم قادری، مفتی غلام یاسین سعیدی، قاضی محمد بشیر گولڑوی، پیر شیر محمد اور دیگر علماء نے انعامات سے نوازا۔جلسہ میں علماء، مشائخ، مدارس اہلسنت کے مدرسین، طلبہ، فضلاء، سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ عمائدین علاقہ اور عوام الناس کی بھی بھرپور شرکت دیکھنے کو ملی۔ مقررین نے طلبہ کو حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ دین و دنیا کی تعلیم میں محنت جاری رکھیں تاکہ معاشرے میں علم و اخلاق کی روشنی قائم رہے ۔