سیلاب متاثرہ سکولوں کیلئے فنڈز کا اجراء

سیلاب متاثرہ سکولوں کیلئے فنڈز کا اجراء

31 ہزار کمروں کی تعمیر کیلئے فنڈزجاری ہو نگے ، جنوبی پنجاب میں13ہزار 486پرائمری ، ایلیمنٹری، ہائی سکولز فعالسالانہ 10فیصد اضافی انرولمنٹ کا ہدف ، مقصد خواندگی کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہے ، مظہر الحق کی گفتگو

 ملتان(شاہد لودھی)جنوبی پنجاب میں سکولوں میں31ہزار کمروں کی تعمیر،سیلاب سے متاثر 441سکولوں کے لئے فنڈز جاری تفصیل کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن جنوبی پنجاب خواجہ مظہر الحق نے کہا ہے کہ اس وقت جنوبی پنجاب میں پرائمری، ایلیمنٹری، ہائی اور ہائر سیکنڈری سطح کے 13ہزار چار سو86سرکاری گرلز اور بوائز سکولز فعال ہیں، جہاں مجموعی طور پر 32لاکھ 5ہزار 634 بچے پرائمری لیول سے لے کر انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ حکومت نے ہر سال طلبہ کی تعداد میں کم از کم 10 فیصد اضافے کا واضح ہدف مقرر کر رکھا ہے ، تاکہ تعلیمی نظام کو بتدریج بہتر بنایا جا سکے اور سکولوں کی استعداد میں اضافہ ہو۔ روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سالانہ انرولمنٹ ٹارگٹ کا مقصد نہ صرف زیادہ بچوں کو تعلیم کی طرف لانا ہے بلکہ طلبہ و اساتذہ کے تناسب کو بھی متوازن رکھنا ہے ۔ اس ضمن میں جعلی انرولمنٹ ایک سنگین مسئلہ رہا ہے ، جس کے ذریعے بعض عناصر اضافی اساتذہ اور وسائل حاصل کرنے کی کوشش کرتے تھے حکومت نے جدید مانیٹرنگ سسٹمز اور یونیک ایجوکیشن آئی ڈی کے ذریعے جعلی انرولمنٹ کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ وزیر تعلیم پنجاب کی ہدایات پر رواں سال کے آغاز سے طلبہ کی اصل تعداد کے مطابق سکولوں کو فعال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں گزشتہ چار ماہ کے دوران اساتذہ کی ریشنلائزیشن کی گئی اضافی اساتذہ کو ان سکولوں میں تعینات کیا گیا جہاں اساتذہ کی قلت تھی، تاکہ وسائل کا درست استعمال ممکن ہو سکے ۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے لئے 40 ارب روپے مختص کئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں