پنجاب کی خواتین کھلاڑیوں کے لئے پنک گیمز کا اعلان
ملتان میں انٹر ڈویژن مقابلے 11فروری سے شروع ہوں گے ،ذرائع
ملتان (خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب خواتین کھلاڑیوں کے درمیان پنک گیمز انٹر ڈویژن مقابلے 11 فروری 2026 سے 15 فروری 2026 تک منعقد کرانے کا فیصلہ کر چکا ہے ۔ اس سلسلے میں عطا الرحمن خان، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان نے ملتان ڈویژن کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل سپورٹس آفیسرز اور کوچز کے ساتھ زوم میٹنگ میں منصوبے کی تفصیلات شیئر کیں۔اس مقابلے میں پندرہ مختلف کھیل شامل ہوں گے ، جن میں صرف وہ خواتین کھلاڑی شرکت کر سکیں گی جو کسی ادارے سے منسلک نہ ہوں۔ ہر کھیل میں حصہ لینے والی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں ڈویژن لیول پر ہونے والے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔پنک گیمز کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں ان کی اہمیت بڑھانا ہے ۔ گزشتہ سال لاہور سے تعلق رکھنے والی یونیورسٹی کی طالبات نے اس ایونٹ میں حصہ لیا تھا۔
، جبکہ اس سال مقابلے ڈویژن لیول پر منعقد کئے جا رہے ہیں تاکہ عام خواتین کھلاڑیوں کو بھی ترقی کے مواقع میسر ہوں۔اس ایونٹ میں شامل کھیلوں میں آرچری، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، باکسنگ، ہاکی، ووشو، کراٹے ، ماس ریسلنگ، ٹیبل ٹینس، تیکوانڈو، والی بال، رگبی، چیس، ویٹ لفٹنگ اور پیڈل ٹینس شامل ہیں۔ ملتان ڈویژن میں ان مقابلوں کے لئے بھرپور تیاری کی جائے گی تاکہ خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بہترین اظہار کر سکیں۔