شدید دھند،میپکو کا ترسیلی نظام بیٹھ گیا
غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع، ہیٹر،گیزر ، برقی آلات ناکارہ ، طلبہ کی پڑھائی ، کاروباری افراد کی سرگرمیاں متاثر،وولٹیج کی کمی ،بیشی سے قیمتی اشیا ء خراب ہونے کی شکایات دن اور رات کے اوقات میں بلا شیڈول طویل بجلی بندش معمول بن گئی،حسب معمول میپکو قابو پانے میں ناکام، ہرسال ایسی صورتحال کا سامنا رہتا، شہریوں کا احتجاج
ملتان(خصوصی رپورٹر)دھند چھاتے ہی میپکو کا ترسیلی نظام جواب دے گیا، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع، صارفین مشکلات میں گھِر گئے تفصیل کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند پڑتے ہی میپکو (ملتان الیکٹرک پاور کمپنی) کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا، جس کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بجلی کی طویل اور بار بار بندش نے گھریلو صارفین، تاجروں اور صنعتی یونٹس کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔شہریوں کے مطابق صبح اور رات کے اوقات میں اچانک بجلی بند ہونا معمول بن چکا ہے ، جبکہ میپکو کی جانب سے کسی پیشگی اطلاع یا واضح شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا بجلی کی بندش کے باعث گھروں میں ہیٹر، گیزر اور دیگر برقی آلات ناکارہ ہو گئے ، جبکہ طلبہ کی پڑھائی اور دفاتر و کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں صارفین نے شکوہ کیا ہے کہ دھند کے دوران ہر سال یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے ، مگر اس کے باوجود میپکو کی جانب سے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کئے گئے بجلی بندش کے ساتھ وولٹیج میں کمی بیشی بھی معمول بن چکی ہے ، جس سے قیمتی برقی آلات کے خراب ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے شہری حلقوں اور تاجر تنظیموں نے میپکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے ، ترسیلی نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو بلاوجہ اذیت سے بچایا جا سکے ۔