ون ڈش پابندی بااثر افراد کیلئے مذاق، انتظامیہ خاموش تماشائی

ون ڈش پابندی بااثر افراد کیلئے مذاق، انتظامیہ خاموش تماشائی

جنوبی پنجاب میں شادی تقریبات پر احکامات کی کھلی خلاف ورزیاں

ملتان (جام بابر سے ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں پنجاب حکومت کی جانب سے ون ڈش اور رات نو بجے سے قبل شادی ہال بند کرنے کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ بااثر افراد کی شادیوں میں مختلف پکوانوں کے اہتمام اور رات گئے تک تقریبات جاری رہنا معمول بن چکا ہے ، جبکہ انتظامیہ مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملتان کے بیشتر شادی ہالز اور پرائیویٹ گراؤنڈز میں بااثر شخصیات کی جانب سے ون ڈش کی پابندی کو یکسر نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔ ایسی تقریبات میں مہمانوں کی تواضع مختلف لذیذ پکوانوں سے کی جاتی ہے اور فنکشنز مقررہ وقت سے کہیں زیادہ دیر تک جاری رہتے ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے صوبے بھر میں ون ڈش پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے چھاپے تو مارے جاتے ہیں، تاہم یہ کارروائیاں زیادہ تر غریب اور سفید پوش طبقے کی شادیوں تک محدود رہتی ہیں۔ ان تقریبات میں نہ صرف ون ڈش کی پابندی کروائی جاتی ہے بلکہ مقررہ وقت پر ہال بند نہ کرنے کی صورت میں جرمانے بھی عائد کئے جاتے ہیں۔ اس کے برعکس بااثر افراد، سیاست دانوں اور ان کے قریبی حلقوں کی شادیوں میں ان قوانین پر نہ عمل ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی کارروائی کی جاتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں