وہاڑی میں گوشت کی قیمتیں غریب کی پہنچ سے باہر
چکن، مٹن اور بیف کی من مانے قیمتوں پر شہری شدید تشویش میں مبتلا
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی ) ضلع وہاڑی میں چکن، مٹن اور بیف کی قیمتیں غریب عوام کی پہنچ سے مکمل طور پر باہر ہو گئی ہیں۔ قصابوں کی من مانے نرخوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کے احکامات کو نظر انداز کر دیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ روزانہ ریٹ لسٹیں تو فراہم کرتی ہے ، مگر ان پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے عوام مجبور ہیں مہنگا گوشت خریدنے پر مجبور ہیں۔ سرکاری نرخوں کے مطابق چکن 497 روپے فی کلو، بیف 700 روپے فی کلو اور مٹن 1500 روپے فی کلو فروخت ہونا چاہیے ، مگر مارکیٹ میں قیمتیں چکن 550 روپے یا اس سے زائد، بیف 1200 روپے یا اس سے زائد اور مٹن 2200 روپے یا اس سے زائد تک پہنچ گئی ہیں۔شہریوں نے کہا کہ ناقص چیک اینڈ بیلنس کی وجہ سے قصابوں کی چاندی ہو رہی ہے جبکہ عوام کی مجبوری بن گئی ہے ۔ شہریوں نے کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے فوری نوٹس لینے اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا مطالبہ کیا تاکہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔