کچی منڈی روڈ پر چکن فروشوں کے غیر قانونی اڈے
تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں
وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) امام بارگاہ چوک تا لیاقت پورہ کچی منڈی گراؤنڈ اور اس کے اطراف میں قائم غیر قانونی تجاوزات نے شہریوں کے لیے شدید مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ شہریوں کے مطابق پیرا فورس دکانوں کے باہر لگے شیڈز ہٹا رہی ہے ، تاہم کچی منڈی روڈ پر غیر قانونی چکن کے اڈوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگتی ہیں اور پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ غیر قانونی چکن کے اڈوں کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔مقامی شہری اقتدار، خالد، جمیل اور وحید نے کہا کہ پیرا فورس کی کارروائی میں یکسانیت نہیں، جس سے جانبداری کے تاثر کو تقویت مل رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا امتیاز اور مؤثر ہونا چاہیے تاکہ قانون کی عملداری پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے ، پیرا فورس کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور کچی منڈی گراؤنڈ و ملحقہ سڑکوں سے تمام غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔