وہاڑی :کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے تقریب کا اہتمام
گرلز ہائی سکول 59ڈبلیو بی میں طالبات نے مسئلہ کشمیر بھر پور انداز میں اجاگر کیا
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی ) گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول 59 ڈبلیو بی فضل آباد وہاڑی میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مقررین نے مسئلہ کشمیر کی اہمیت، تاریخی پس منظر اور کشمیری عوام کی طویل جدوجہد پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر مس رخسانہ کوثر نے کشمیر کی مذہبی، جغرافیائی اور سیاسی تاریخ کا جامع جائزہ پیش کرتے ہوئے طالبات کو مسئلہ کشمیر کی اصل حقیقت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر محض ایک خطہ نہیں بلکہ مسلمانوں کی آزادی کی علامت ہے اور کشمیری عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔بعد ازاں جماعت ہفتم کی طالبہ ماہ نور نے ایک چاند ہے پاکستان اور کشمیر ستارہ ہے کے عنوان سے پُراثر اظہارِ خیال کیا، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔ اسکول کی پرنسپل امبرین اختر نے خطاب کرتے ہوئے طالبات کو آزادی کی قدر و قیمت سے آگاہ کیا اور کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے ۔آخر میں کشمیری عوام کی آزادی، امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی قوم ہر فورم پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔