فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،40کلو ملاوٹی ڈیری کریم تلف،کریانہ سٹور بند،جرمانے

فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،40کلو ملاوٹی ڈیری کریم تلف،کریانہ سٹور بند،جرمانے

سیفٹی ٹیموں کاگیلے وال کے مختلف علاقوں میں متعدد فوڈ پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ، شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا،ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا انتباہ

ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایت پر غیر معیاری اور مضر صحت ڈیری مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گیلے وال کے مختلف علاقوں میں متعدد فوڈ پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔مشرق بازار گیلے وال میں کریانہ سٹور اور کھویا یونٹ کی انسپکشن کے دوران ایک من سے زائد ملاوٹی ڈیری کریم برآمد ہوئی، جسے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ناقص صفائی، غیر معیاری خوراک اور قوانین کی خلاف ورزی پر کریانہ سٹور کو اصلاح تک بند کر دیا گیا جبکہ کھویا یونٹ پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گزشتہ انسپکشن کے دوران کریم کے سیمپل لے کر لیبارٹری بھجوائے تھے ، جن کی رپورٹ فیل آنے پر کریانہ سٹور مالک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ معائنے کے دوران کھویا یونٹ میں قدرتی غذائیت کی کمی، ناقص اجزاء کے استعمال اور لیبلنگ نہ ہونے جیسے سنگین نقائص بھی سامنے آئے ، جس پر فوڈ قوانین کے تحت جرمانہ عائد کیا گیا۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے غیر معیاری کریم تلف کر کے شہریوں کو مضر صحت خوراک کے ممکنہ نقصانات سے بچایا اور سٹور مالکان کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ آئندہ قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے ۔ غیر معیاری خوراک کی تیاری، ذخیرہ اور ترسیل میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں