گلشن مارکیٹ میں پیرا فورس کے خلاف تاجروں کا احتجاج
ناجائز آپریشن کا الزام، سامان واپس نہ ملا تو شٹر ڈاؤن کیا جائیگا، چودھری الیاس
ملتان (لیڈی رپورٹر)گلشن مارکیٹ نیو ملتان میں پیرا فورس کے مبینہ ناجائز اور غیر قانونی آپریشن کے خلاف انجمن تاجران گلشن مارکیٹ کے زیرِ اہتمام شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کی قیادت انجمن کے صدر چودھری محمد الیاس، جنرل سیکرٹری چودھری سلیم کمبوہ اور چیئرمین چودھری کاشف نے کی، جبکہ مارکیٹ کے تاجروں کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک ہوئی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر چودھری محمد الیاس، جنرل سیکرٹری چودھری سلیم کمبوہ، چیئرمین چودھری کاشف، چیئرمین مصالحتی کمیٹی حافظ عاقب نعیم اور جوائنٹ سیکرٹری شہزادہ فہد بھٹی نے الزام عائد کیا کہ پیرا فورس کے اہلکار تجاوزات کے نام پر دکانوں کے اندر داخل ہوئے اور قیمتی جیکٹس، جیولری، دوپٹے ، ہیٹر، لیڈیز شوز، بریف کیس اور دیگر سامان اٹھا کر لے گئے ۔