سکولوں میں ویری فکیشن وزٹس کا نیا شیڈول جاری

سکولوں میں ویری فکیشن وزٹس کا نیا شیڈول جاری

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں میں ویری فکیشن وزٹس کا نیا شیڈول باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے ، جس کے مطابق ویری فیکیشن کا اگلا مرحلہ 10 مارچ تک جاری رہے گا۔

 اس دوران سرکاری اور نجی سکولوں میں تدریسی، انتظامی اور طلبہ کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق ویری فیکیشن وزٹس کا بنیادی مقصد سکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانا، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کے اندراج، دستیاب سہولیات اور تعلیمی ریکارڈ کی شفاف جانچ کو یقینی بنانا ہے ۔ وزٹس کے دوران متعلقہ افسر سکولوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹس مرتب کریں گے ، جن کی روشنی میں آئندہ اقدامات کئے جائیں گے ۔محکمہ سکولز کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ مارچ کے آخری دو عشروں میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے باعث کسی قسم کی ویری فیکیشن نہیں ہوں گی، تاکہ تدریسی عمل اور مذہبی سرگرمیوں میں کسی قسم کا خلل نہ آئے ۔ اس دوران سکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام تعلیمی اور انتظامی ریکارڈ مکمل اور اپ ڈیٹ رکھا جائے ۔حکام کا کہنا ہے کہ ویری فیکیشن عمل مکمل ہونے کے بعد کارکردگی رپورٹس اعلیٰ حکام کو پیش کی جائیں گی، جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکتی ہے ۔ تمام ضلعی افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جاری شیڈول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں