ملتان میں سنگل فیز کنکشن کے طلبگار کنکشن سے محروم

ملتان میں سنگل فیز کنکشن کے طلبگار کنکشن سے محروم

ملتان (خصوصی رپورٹر) جولائی 2025 میں سنگل فیز کنکشن کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروانے والے سینکڑوں درخواست گزار اب بھی اپنے کنکشن سے محروم ہیں۔

 ذرائع کے مطابق میپکو نے گھریلو اور کمرشل سنگل فیز کنکشنوں کے لیے سٹیٹک میٹرز کی تنصیب کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کیے اور اس مد میں کروڑوں روپے وصول کیے ، لیکن سات ماہ گزرنے کے باوجود سینکڑوں درخواست گزاروں کے کنکشن نہ لگ سکے ۔متعلقہ سب ڈویژن کے عملے پر الزام ہے کہ وہ فی سٹیٹک میٹر 10 ہزار روپے رشوت طلب کر رہے ہیں اور جو رشوت نہیں دیتے ، ان کے ڈیمانڈ نوٹس پر عمل درآمد روک دیا جاتا ہے ۔ اب درخواست گزاروں کو سٹیٹک میٹر کے بجائے اے ایم آئی سنگل فیز میٹر لگوانا پڑ رہا ہے ، جس کے لیے خود مارکیٹ سے 16 سے 18 ہزار روپے کے میٹر خریدنے اور 2 ہزار روپے رشوت دینے کے بعد ہی کنکشن ممکن ہے ۔ذرائع کے مطابق جولائی 2025 میں ڈیمانڈ نوٹس دینے والے درخواست گزاروں کے سٹیٹک میٹرز عملہ فیلڈ اسٹور سے حاصل کر کے غائب کر دیا اور صرف رشوت دینے والوں کے میٹر لگائے گئے ۔ سنگل فیز اے ایم آئی میٹرز کا نوٹیفکیشن اگست 2025 میں جاری ہوا۔ کرپشن کے اس کھیل میں میپکو کے مختلف افسران و اہلکار ملوث ہیں۔ متاثرہ درخواست گزاروں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر جام گل محمد زاہد سے نوٹس لے کر دادرسی کرنے کی استدعا کی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں