صدر کا دورہ وہاڑی ،کارکنوں میں نیا جوش پیدا ہوگا،پی پی رہنما
عوامی مسائل کے حل ، تنظیمی استحکام میں پیش رفت کی توقع ،مجتبیٰ گیلانی، عظیم سعید
ملتان (لیڈی رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری کی وہاڑی آمد کے موقع پر پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے ۔ سابق ایم پی اے اور پارٹی رہنما سید احمد مجتبیٰ گیلانی اور سیاسی و سماجی رہنما میاں محمد عظیم سعید نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ صدر مملکت کا یہ کہنا کہ جنوبی پنجاب انہیں سندھ جیسا لگتا ہے ، دراصل اس خطے کے عوام سے ان کی وابستگی کا اظہار ہے ۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کے مسائل کو سمجھا اور ان کے حل کے لئے اقدامات کئے ۔ وہاڑی آمد سے کارکنوں میں نیا جوش و ولولہ پیدا ہوا ہے اور پارٹی مزید منظم اور فعال ہو گی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے ہر دور میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے ۔ پارٹی قیادت کی توجہ سے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز اور عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی ایک عوامی جماعت ہے جو غریب اور متوسط طبقے کی نمائندگی کرتی ہے ، اسی لئے عوام کا اعتماد آج بھی پارٹی کے ساتھ قائم ہے ۔