میپکو کا نادہندگان کیخلاف آپریشن، ٹرانسفارمر اور میٹرز ضبط

میپکو کا نادہندگان کیخلاف آپریشن، ٹرانسفارمر اور میٹرز ضبط

یزمان اور عارفوالہ میں 50 لاکھ سے زائد واجبات پر کارروائی، کنکشن منقطع

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)ریجن میں نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ یزمان بہاولپور اور عارفوالہ میں 50 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 5 ٹرانسفارمرز اور 14 میٹرز اُتار لئے گئے جبکہ متعدد کنکشن بھی منقطع کر دیئے گئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں یزمان سب ڈویژن کے دیہی علاقوں میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ایکسین حاصل پور ڈویژن اور ایس ڈی او یزمان سب ڈویژن شیراز خان سومرو کی سربراہی میں چک 68 باغی، چک 68 ساؤتھ، چک 69، چک 67، چک 66 اور طالب والا بنگلہ میں میپکو، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے بھاری واجبات کی عدم ادائیگی پر 9 نادہندگان کے کنکشن منقطع کر کے میٹرز اُتار لئے ۔آپریشن کے دوران رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ایک لاکھ 50 ہزار روپے واجبات بھی وصول کئے گئے ۔دوسری جانب سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی کی ہدایت پر عارفوالہ کے مختلف علاقوں میں نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارفین کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ایکسین عارفوالہ ڈویژن اور ایس ڈی او احمد یار سب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیم نے 20 لاکھ 75 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک نادہندہ کاشتکار کا کنکشن منقطع کر کے جمپرز کاٹ دیئے جبکہ میٹر، ٹرانسفارمر اور تار بھی اُتارلئے گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں