سکولوں میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

سکولوں میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

سرکاری ونجی سکولوں میں پنک بٹن نصب کرنے اور فوری فعال کرنیکی ہدایت

ملتان (خصوصی رپورٹر)صوبہ پنجاب میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لئے محکمہ سکول ایجوکیشن نے ایمرجنسی الرٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس سلسلے میں صوبہ بھر کے تمام سکولوں میں پینک بٹن نصب کرنے اور اسے فوری طور پر فعال بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں پنک بٹن سسٹم نصب کیا جائیگا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، سکیورٹی خدشے یا حادثے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا جا سکے اور بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

حکام کے مطابق اس سسٹم کو پبلک سیفٹی ایپ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تمام اساتذہ اور طلبہ کو لازمی طور پر پبلک سیفٹی ایپ پر رجسٹریشن کروانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو اور سکیورٹی اداروں کو اطلاع دی جا سکے اور مدد فراہم کی جا سکے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع کے تمام سکولوں میں پنک بٹن سسٹم کی تنصیب اور اس کی فعالیت کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں