سکولوں کے آپریشنل انتظامات کیلئے زکوٰۃ بینک قائم کرنیکافیصلہ

سکولوں کے آپریشنل انتظامات کیلئے زکوٰۃ بینک قائم کرنیکافیصلہ

تدریسی معیار، انتظامی نظم و نسق ،سکیورٹی کیلئے 34اہم اقدامات کی منظوری داخلہ مہم تیز کرنے کیلئے سکولوں کو کم از کم 7فیصد اضافے کا ہدف دیدیا گیا

ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب کے تعلیمی حکام نے نئے تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے سرکاری اسکولوں میں تدریسی معیار، انتظامی نظم و نسق اور سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے 34 اہم اقدامات کی منظوری دے دی ہے ۔ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا، طلبہ کے داخلوں میں اضافہ اور انتظامی نظام کو مؤثر بنانا ہے ۔حکام کے مطابق سکول اپنے آپریشنل اخراجات پورے کرنے کے لیے عطیات جمع کر سکیں گے اور اس مقصد کے لیے زکوٰۃ بینک قائم کیے جائیں گے تاکہ مستحق طلبہ کی مالی معاونت کی جا سکے ۔ عطیہ دہندگان کے نام نمایاں کرنے کے لیے ڈونر بورڈز بھی آویزاں کیے جائیں گے ۔سکیورٹی اقدامات میں مرکزی دروازے پر گارڈ یا گیٹ کیپر کی موجودگی اور میٹل ڈیٹیکٹر کا فعال رکھنا شامل ہے ۔ طلبہ کی سہولت کے لیے تمام سکولوں میں بک بینک قائم کیا جائے گا جہاں اضافی نصابی کتابیں مستحق طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔داخلہ مہم تیز کرنے کے لیے سکولوں کو کم از کم 7 فیصد اضافے کا ہدف دیا گیا ہے اور اساتذہ کو داخلہ اہداف دیے جائیں گے ۔ سکولوں کے باہر بینرز اور بروشرز آویزاں کیے جائیں گے اور مقامی نمائندوں اور فیڈر سکولوں کے ساتھ رابطے بڑھائے جائیں گے ۔تعلیمی اقدامات میں سکول بیسڈ اسیسمنٹ جاری رکھنا، مارکنگ سینٹرز قائم کرنا اور کلاس روم کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ہر کلاس روم کو استاد کے سپرد کرنا شامل ہے ۔ اساتذہ کے موبائل فون اسکول میں جمع کرانے کی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ اسکول کے احاطے کو مختلف عملے میں تقسیم کر کے صفائی اور دیکھ بھال کی ذمہ داریاں مقرر کی گئی ہیں۔طلبہ کے لیے یونیفارم لازمی قرار دی گئی ہے اور کلاس رومز میں چارٹس، ٹائم ٹیبل، تھیمز اور تعلیمی نعرے نمایاں کیے جائیں گے ۔ ہر اسکول کو ادارہ جاتی اہداف اسکول دفتر میں ظاہر کرنا ہوں گے اور اساتذہ کو منظور شدہ چھٹی کے بغیر اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ غیر حاضری کی اطلاع فوری کلسٹر ہیڈ کو دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں