عوامی نمائندگان مسائل پر آنکھیں بند کرچکے ،تیمور الطاف مہے

عوامی نمائندگان مسائل پر آنکھیں بند کرچکے ،تیمور الطاف مہے

مہنگائی اور بیروزگاری کے مارے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، رہنما تحریک انصاف

ملتان (لیڈی رپورٹر) ٹکٹ ہولڈر تحریک انصاف این اے 148 بیرسٹر ملک تیمور الطاف مہے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سینٹ اور قومی و صوبائی اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کرنے والے عوام کے مسائل سے آنکھیں بند کر چکے ہیں۔ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت میں پستی ہوئی عوام کے مسائل پر حکومتی ارکان کی کوئی توجہ نہیں، بلکہ انہیں صرف اقتدار اور ملنے والی مراعات میں دلچسپی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کے لیے 90 ملین روپے کی نئی گاڑی خریدی گئی ہے ۔ ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب رہا ہے ، مگر چیئرمین سینٹ کے لیے مہنگی گاڑی خریدنا کیوں ضروری تھا، جبکہ پہلے سے زیر استعمال لگژری گاڑیاں اچھی حالت میں موجود تھیں۔بیرسٹر ملک تیمور نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اپنے لیے مہنگے لگژری طیارے منگوا رہی ہے اور دوسری طرف چیئرمین سینٹ کے لیے مہنگی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ خریداری آئی ایم ایف سے اجازت کے بعد کی گئی یا آئی ایم ایف کی شرائط صرف عوام پر ہی لاگو ہوتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جس عوام کی ہم نمائندگی کرتے ہیں، اس کے پاس بنیادی ضروریات زندگی پوری کرنے کے وسائل نہیں ہیں۔ عوام دو وقت کی روٹی کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہیں، جبکہ حکومت اور اتحادی جماعتیں مہنگائی اور ناجائز ٹیکسوں کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی اپنی آسائشات پر خرچ کر رہی ہیں۔ بیرسٹر نے حکومت اور اتحادی جماعتوں سے اپیل کی کہ عوام کے حالات پر رحم کریں اور انہیں ریلیف فراہم کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں