حکومت مہنگائی سے عوام کو بے وقوف بنا رہی :روبینہ اختر
افغانستان کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت،رہنما تحریک انصاف
ملتان (لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی رہنما اور حلقہ این اے 148 سے امیدوار ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے کیونکہ یہی عناصر ملک میں دہشت گردی پھیلا رہے تھے اور روزانہ معصوم شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے تھے ۔ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام ہے ، یہ جہاد نہیں بلکہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، جس کی وہ پرزور مذمت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال نے عوام کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے ، ایک طرف ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت اس صورتحال کا فائدہ اٹھا کر مہنگائی میں اضافہ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے پٹرول کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کیا گیا اور اب حکومت نے اعلان کیا کہ اس ہفتے قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی، تاہم یہ اقدام عوام کے لیے بالواسطہ مہنگائی کا نیا بوجھ بن گیا ہے ۔ ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا کہ عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں، بازاروں میں عید کی رونق بھی نہیں، جبکہ حکومت اس صورتحال کو معمول کے مطابق ظاہر کر رہی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نمائشی اقدامات کی بجائے حقیقی معنوں میں اپنے اخراجات کم کرے ، پٹرولیم مصنوعات کی بلاجواز قیمتوں میں اضافے کو واپس لے ، پچھلی قیمتیں بحال کرے اور آئندہ قیمتیں نہ بڑھا کر عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔