ہائی کورٹ، ٹیوب ویل آپریٹر کی توہین عدالت درخواست نمٹا دی
ملتان (کورٹ رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے محکمہ انہار مظفرگڑھ کے ٹیوب ویل آپریٹر عبدالرؤف کی توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔ سماعت کے دوران محکمے کی جانب سے عبدالرؤف کو سال 2021 سے واجب الادا تنخواہوں کا چیک عدالت کے روبرو دے دیا گیا جس کے بعد فاضل عدالت نے درخواست نمٹا دی۔اس موقع پر دیگر درخواست گزاروں نے بھی اپنی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔ ۔۔۔
فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر دیگر ملازمین بھی اسی نوعیت کا مسئلہ رکھتے ہیں تو وہ عبدالرؤف کے وکیل راؤ محمد اقبال کی طرح توہین عدالت کی درخواست دائر کریں، عدالت اس پر قانون کے مطابق غور کرے گی۔عدالت نے مجموعی طور پر 16 درخواست گزاروں کی درخواستیں نمٹاتے ہوئے سپرنٹنڈنگ انجینیئر محکمہ انہار کو ہدایت کی کہ وہ 30 روز کے اندر اندر درخواست گزاروں کے مسائل کا جائزہ لے کر انہیں ریلیف فراہم کریں۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ اس دوران کسی درخواست گزار کے خلاف کوئی معاندانہ کارروائی نہ کی جائے اور انہیں بدستور ملازمت پر برقرار رکھا جائے ۔