پبلک ٹرانسپورٹ:زائد کرایہ وصولی پر سخت کارروائی کا عندیہ
مقرر کردہ کرایہ سے زائد وصولی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی:سلیم سکندر
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی ) عید کے موقع پر وہاڑی پولیس نے پبلک ٹرانسپورٹ میں زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا۔ اے ٹی او و انچارج بوریوالا سرکل انسپکٹر ملک سلیم سکندر نے گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران بتایا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ جات سے زائد وصولی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بسوں اور ویگنوں میں سوار مسافروں سے کرایوں اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کی اور ٹرانسپورٹرز کو واضح انتباہ کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنے یا مسافروں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے کی صورت میں فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انسپکٹر نے کہا کہ عید کے ایام میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز اپنی گاڑیوں میں کرایہ کی سرکاری حدوں کی پابندی کریں، وقت پر روانگی کو یقینی بنائیں اور مسافروں کی سہولت اور حفاظت کو ترجیح دیں۔ پولیس کی ٹیمیں چیکنگ اور نگرانی کے لیے عید کے دوران متحرک رہیں گی تاکہ شہریوں کو بلاوجہ مشکلات اور اضافی کرایہ سے بچایا جا سکے ۔ اس موقع پر شہریوں نے پولیس کی جانب سے ریلیف اور نگرانی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور عید کے دوران ٹرانسپورٹ کے مسائل کم ہوں گے۔