سٹیڈیم روڈ کشادگی، دیوار دس فٹ پیچھے کرنے کا فیصلہ

سٹیڈیم روڈ کشادگی، دیوار دس فٹ پیچھے کرنے کا فیصلہ

لودھراں میں ٹریفک روانی بہتر بنانے کیلئے اقدامات، پارکنگ مسائل حل

لودھراں (سٹی رپورٹر) سٹیڈیم روڈ کی کشادگی کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، جس کے تحت سٹیڈیم کی دیوار کو دس فٹ پیچھے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر لودھراں چودھری محمد اشرف گجر کی ہدایات پر کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی اور اسسٹنٹ کمشنر فرخ اللہ بلوچ نے مرکزی انجمن تاجران کے صدر ملک اصغر آرائیں کے ہمراہ سٹیڈیم روڈ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں سڑک کی کشادگی، ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے دیرینہ مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑک کو کشادہ کرنے کا حکم دیا تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم ہو اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ اے ڈی سی جی لیاقت علی گیلانی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ بازاروں کی خوبصورتی اور بہتری کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر فرخ اللہ بلوچ نے ہدایت کی کہ منصوبے پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے تاکہ جلد عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔مرکزی انجمن تاجران کے صدر ملک اصغر آرائیں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف سڑک کشادہ ہوگی بلکہ پارکنگ کی سہولت بھی بہتر ہوگی، جبکہ تاجروں اور شہریوں نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں