ڈی پی ایس میلسی منصوبے کیلئے فنڈنگ بڑھانے کا فیصلہ
مضبوط مالی بنیاد کیلئے تاجروں، زمینداروں ،اوورسیز پاکستانیوں کو شامل کیا جائیگا
میلسی (نمائندہ دنیا)ڈی پی ایس میلسی کے قیام کے حوالے سے کمشنر ملتان عامر کریم خان کی زیر صدارت اجلاس میں اہم پیش رفت سامنے آئی، جس میں منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ اور اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ منصوبے کیلئے فنڈنگ کے ذرائع کو مزید وسعت دی جائے اور مخیر حضرات کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانیوں، تاجروں اور زمینداروں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ادارے کو مضبوط مالی بنیاد فراہم کی جا سکے ۔ کمشنر عامر کریم خان نے ہدایت کی کہ ڈی پی ایس میلسی کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب شاندار انداز میں منعقد کی جائے اور اس میں اہم سیاسی و سماجی شخصیات کو مدعو کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی گرانٹ کے حصول کیلئے کوششیں جاری ہیں اور یہ ادارہ علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے بتایا کہ سکول کو عارضی عمارت میں شروع کیا جا رہا ہے جبکہ مستقل عمارت کی تکمیل پر منتقلی کر دی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر سعد بن خالد کے مطابق داخلوں کیلئے آن لائن پورٹل متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام یقینی بنایا جا سکے ۔ اجلاس میں بورڈ آف گورنرز اور اسٹیبلشمنٹ کونسل کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔